کاروار 3؍مئی (ایس او نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدرایڈی یورپا کی سداپور آمد پر یہاں کے ٹورسٹ بنگلو میں کاروار کے سُنار طبقے کے لیڈروں نے کچھ بی جے پی رضاکاروں کے ساتھ ان سے ملاقات کی، اور ایک میمورنڈم پیش کیا۔
ایڈی یورپا کواپنا احوال سناتے ہوئے ان لیڈروں نے بتایا کہ ویویکا نند بائیکیری کر، سابق بی جے پی صدر کے بیٹے اور ان کے اہل خانہ پر پولیس سب انسپکٹر کُسمادھار اور دیگر اہلکاروں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا۔ اس بات کو ۶ مہینے کا عرصہ گزرنے کے باوجوداس سلسلے میں حملہ آوروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔اسی طرح ایک او ر واقعہ میں الہاس نیتلکر پر دن دہاڑے غنڈوں نے گھر میں گھس کر تلواروں سے حملہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ کاروار بی جے پی کے صدرمنوج بھٹ جب بس میں سفر کررہے تھے تو ان کے پاس سے 25لاکھ روپے کے زیورات چوری کرلیے گئے تھے۔
سنار طبقے کے لیڈروں نے یڈی یورپا کے سامنے یہ بات بھی رکھی کہ جب گنگادھر بھٹ کاروار بی جے پی کے صدر تھے ، اس عرصہ میں سُنار طبقے کے لئے امن و امان کی صورتحال برقرار تھی۔آج ہمارے طبقے کے لئے قیادت کا فقدان ہوگیا ہے۔اور ہمارے لئے جیسے کسی قسم کا تحفظ ہی باقی نہیں رہا ہے۔لہٰذاہمارا مطالبہ ہے کہ آئندہ ودھان سبھا الیکشن میں کاروار انکولہ حلقے سے گنگا دھر بھٹ کو بی جے پی کاٹکٹ دیتے ہوئے امیدوار بنایا جائے ۔
موصولہ پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر بی جے پی ایم پی اننت کمار ہیگڈے،سرسی ایم ایل اے وشویشورہیگڈے کاگیری،سنار طبقے کے صدر الہاس نیتلکر،گنگادھر بھٹ،اکھل بھارتیہ دیوجنیا برہمن سنگھ کے صدررامو رائیکر ، ویویکانند بائیکریکر اور دیگر لیڈران و رضاکار موجود تھے۔